بھٹکل 9 / مئی (ایس او نیوز) کل 10 مئی کو ریاست کرناٹک میں ایک ہی مرحلے میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، ریاست بھر میں صبح سات بجے سے انتخابی کاروائی شروع ہوگی۔ اس ضمن میں بھٹکل ساگر روڈ پر واقع گرو سدھیندرا کالج میں پولنگ اہلکاروں کو مختلف پولنگ مشینوں کے ساتھ پولنگ مراکز میں روانہ کیا گیا ۔
اس موقع پر معلومات فراہم کرتے ہوئے الیکٹورل آفیسر اور بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے بتایا کہ کل ہونے والے پولنگ میں تمام لوگوں کو حصہ لینا چاہیے ۔ امن و امان بنائے رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی ووٹ پول کروں گی آپ بھی اپنا ووٹ پول کیجئے ۔
بھٹکل - ہوناور ودھان سبھا حلقہ میں جملہ 2,22708 ووٹرس ہیں جن میں 1,12988 مرد اور 1,09729 خواتین رائے دہندگان ہیں ۔ پورے حلقہ میں جملہ 248 پولنگ بوتھس ہیں ۔ پرامن پولنگ کے لئے انتظامیہ کی طرف سے مناسب مقدار میں افسران اور پولیس کا بندوبست کیا گیا ہے ۔